حماس نے غزہ میں اپنی گورننگ باڈی تحلیل کرنے کا اعلان کر دیا ہے جس کے بعد علاقے میں شہری حکمرانی کے لیے ٹیکنوکریٹ کمیٹی کے قیام کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔
حماس کے حکومتی میڈیا دفتر کے سربراہ اسماعیل الثوابتہ کے مطابق ایمرجنسی کمیٹی کے سربراہ محمد الفرا نے باضابطہ طور پر استعفیٰ دے دیا ہے جبکہ انتظامی اور حکومتی اختیارات کی منتقلی کو آسان بنانے کے لیے کمیٹی کو بھی تحلیل کر دیا گیا ہے تاکہ غزہ کے انتظام و انصرام کی ذمہ داری قومی کمیٹی کو منتقل کی جا سکے۔
عرب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حماس کے ترجمان نے کہا کہ اب معاملہ ثالثوں کے ہاتھ میں ہے اور یہ اقدام غزہ میں ٹیکنوکریٹ کمیٹی کے قیام کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔
ترجمان نے کہا کہ معاہدے کے ضامن ممالک اور امریکی انتظامیہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ معاہدے پر عمل درآمد یقینی بنائیں۔ ان کے بقول حماس اپنی ذمہ داریاں پوری کر چکی ہے اور اب ثالثوں کو قومی کمیٹی کو غزہ میں کام شروع کرنے کے لیے فریقین پر زور دینا چاہیے۔