بلوچستان کے سیاحتی ضلع زیارت کے علاقے کاچ مانگی فیز تھری میں دہشت گردوں کے حملے میں 2 ایس ایچ اوز سمیت 9 پولیس افسران و اہلکار شہید ہوگئے۔ حملے کے بعد سیکیورٹی فورسز، بلوچستان پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مشترکہ کلیئرنس آپریشن کرتے ہوئے 15 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
ایس پی زیارت عبدالقدوس دہوار کے مطابق دہشت گردوں نے ڈیوٹی پر تعینات پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنایا جبکہ حملے کے دوران چند مقامی افراد کو بھی اغوا کیا گیا جن میں سے پانچ افراد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ شہداء کی میتیں ڈی ایچ کیو اسپتال زیارت منتقل کر دی گئی ہیں۔
معاون وزیر اعلیٰ بلوچستان شاہد رند نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف کلیئرنس آپریشن کامیابی سے مکمل کر لیا گیا ہے اور ریاست دہشت گردی کے خلاف پوری قوت سے کارروائیاں جاری رکھے گی۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور کہا کہ امن کے دشمن اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔