وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملکی برآمدات میں اضافے اور چھوٹے و درمیانے درجے کی صنعتوں کے فروغ کے لیے قرضوں کی فراہمی کو آسان بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو جامع حکمت عملی تیار کرنے کا حکم دیا ہے۔
سمیڈا کی کارکردگی سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ایس ایم ایز کی استعداد کار میں اضافے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں، خصوصاً کسانوں کو زرعی اجناس اور پھلوں کی پراسیسنگ کے شعبے میں آگاہی، تکنیکی معاونت اور آسان قرضوں کی سہولت فراہم کی جائے۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ کمرشل بینک چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں کے لیے خصوصی مالیاتی مصنوعات متعارف کرائیں، جبکہ کاروبار کے قیام، فیزیبیلٹی اسٹڈی کی تیاری اور دیگر مراحل میں بھی ایس ایم ایز کی بھرپور معاونت کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ ایس ایم ایز کی ترقی کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو ہنگامی بنیادوں پر دور کرنا ناگزیر ہے، جبکہ سمیڈا نوجوانوں بالخصوص خواتین کاروباری افراد کو نئی صنعتیں قائم کرنے میں ہر ممکن تعاون فراہم کرے۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پاکستانی ایس ایم ایز کی عالمی منڈیوں تک رسائی اور برآمدات میں اضافے کے لیے رواں سال 700 ایس ایم ایز کی 16 بین الاقوامی ایونٹس میں شرکت یقینی بنائی گئی ہے۔ اس کے علاوہ 35 شہروں میں کاروباری افراد کو مالیاتی ضوابط اور کاروباری امور سے متعلق تربیت بھی فراہم کی گئی۔
وزیراعظم نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور کمرشل بینکوں کے اشتراک سے ایس ایم ایز کی قرضوں تک رسائی بہتر بنانے کے لیے جامع لائحہ عمل مرتب کرنے کی بھی ہدایت کی۔
اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر ڈاکٹر مصدق ملک، معاون خصوصی ہارون اختر، متعلقہ اعلیٰ حکام، چاروں صوبوں کے چیف سیکریٹریز اور شعبے کے ماہرین نے شرکت کی، جبکہ بعض شرکاء نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔