پاکستان شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ اسماء عباس نے سوشل میڈیا پر اپنے سابقہ بیان پر تنقید کے بعد نئی وضاحت جاری کرتے ہوئے 60 سال سے زائد عمر کی خواتین کو مناسب شریکِ حیات ملنے کی صورت میں شادی کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
اپنے تازہ وی لاگ میں انہوں نے واضح کیا کہ بڑھاپے میں انسان کو ایک ایسے ساتھی کی ضرورت ہوتی ہے جو دیکھ بھال کرسکے اور وقت پر دوا دے، اس لیے اگر کوئی اچھا مرد مل جائے تو بڑی عمر کی خواتین کو ضرور شادی کرلینی چاہیے۔
اداکارہ نے اپنی بہن بشریٰ انصاری اور ثمینہ احمد کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ انہیں بہت اچھے شریکِ حیات ملے ہیں، اور اگر کسی کو ایسا اچھا انسان مل جائے تو شادی کا فیصلہ بہتر ثابت ہوسکتا ہے، ورنہ دنیا مسائل سے بھری پڑی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مرد عموماً خاموش اور فرمانبردار خواتین کو پسند کرتے ہیں۔
یاد رہے کہ چند روز قبل انہوں نے مالی طور پر خود مختار اور بچوں والی خواتین کو دوبارہ شادی نہ کرنے کا مشورہ دیا تھا، جس پر صارفین کی تنقید کے بعد اب انہوں نے اپنے مؤقف کی وضاحت پیش کی ہے۔