"میں کرینہ کو بائیک پر گھمانے لے گیا تو وہ اتنی ڈر گئیں کہ بار بار اپنے ناخن میری کمر میں گاڑ کر کہنے لگیں کہ بائیک روکو، رفتار کم کرو۔ پھر اچانک کہنے لگیں کہ مجھے تو بائیک پر بیٹھنا بالکل پسند نہیں۔ میں حیران رہ گیا کہ اگر انہیں بائیک رائیڈ پسند ہی نہیں تھی تو پھر میرے ساتھ آنے کے لیے ہاں کیوں کی؟"
بالی ووڈ اداکار سیف علی خان نے اپنی اہلیہ کرینہ کپور کے ساتھ محبت کے ابتدائی دنوں کا ایک دلچسپ قصہ سنایا ہے، جس میں ایک عام سی موٹر سائیکل کی سواری دونوں کے لیے یادگار تجربہ بن گئی تھی۔
بھارتی ٹی وی کے مشہور پروگرام ’کون بنے گا کروڑ پتی‘ میں اکشے کمار کے ہمراہ شرکت کے دوران سیف علی خان نے میزبان امیتابھ بچن کو بتایا کہ یہ واقعہ فلم ’ٹشن‘ کی شوٹنگ کے زمانے کا ہے، جب ان کی اور کرینہ کی دوستی ابھی شروع ہی ہوئی تھی۔
سیف کے مطابق فلم کے ابتدائی دنوں میں دونوں کے درمیان زیادہ بے تکلفی نہیں تھی اور وہ صرف کام کے سلسلے میں ایک دوسرے سے بات کرتے تھے۔ اسی دوران کسی نے انہیں مشورہ دیا کہ کرینہ کو موٹر سائیکل پر گھمانے لے جائیں، کیونکہ سیف کو خود بائیک چلانے کا بہت شوق تھا۔
اداکار نے بتایا کہ لداخ میں شوٹنگ کے دوران انہوں نے ایک موٹر سائیکل کرائے پر لے رکھی تھی، جس پر وہ اکثر پہاڑی راستوں سے گزرتے ہوئے شوٹنگ کے مقام تک پہنچتے تھے۔ ایک دن انہوں نے کرینہ کو بھی ساتھ چلنے کی دعوت دی، جسے اداکارہ نے فوراً قبول کرلیا۔
تاہم جیسے ہی دونوں نے سفر شروع کیا، کرینہ کی خوشی گھبراہٹ میں بدل گئی۔ پہاڑی سڑکوں پر بائیک چلتے ہی وہ خوفزدہ ہوگئیں اور مسلسل سیف کو آہستہ چلانے اور موٹر سائیکل روکنے کے لیے کہتی رہیں۔
سیف نے مسکراتے ہوئے بتایا کہ کرینہ گھبراہٹ میں ان کی کمر کو اتنی مضبوطی سے پکڑ رہی تھیں کہ ان کے ناخن بھی چبھنے لگے۔ کچھ دیر بعد اداکارہ نے صاف کہہ دیا کہ انہیں موٹر سائیکل پر سفر کرنا بالکل اچھا نہیں لگتا۔
اداکار کے مطابق اس وقت انہیں کرینہ کے ساتھ آنے کی اصل وجہ سمجھ نہیں آئی، لیکن بعد میں احساس ہوا کہ شاید دونوں کے درمیان پسندیدگی پیدا ہوچکی تھی اور اسی لیے کرینہ نے بائیک رائیڈ کی پیشکش قبول کرلی تھی۔
واضح رہے کہ سیف علی خان اور کرینہ کپور کی قربتوں کا آغاز 2008 میں ریلیز ہونے والی فلم ’ٹشن‘ کے دوران ہوا تھا۔ بعد ازاں دونوں نے 2012 میں شادی کرلی اور آج ان کا شمار بالی ووڈ کی مشہور اداکار جوڑیوں میں ہوتا ہے۔
سیف کے اس دلچسپ انکشاف نے ایک بار پھر دونوں کی محبت کے ابتدائی دنوں کی یاد تازہ کردی، جب ایک خوف سے بھرپور بائیک رائیڈ بھی ان کے رشتے کی خوبصورت یاد بن گئی۔