شہید گروپ کیپٹن عاصم طارق کی نمازِ جنازہ ادا، سربراہ پاک فضائیہ کی شرکت

image

اسلام آباد کے نائنتھ ایونیو پر ایک شہری کی جان بچاتے ہوئے جامِ شہادت نوش کرنے والے پاکستان ایئر فورس کے بہادر گروپ کیپٹن عاصم طارق کی نمازِ جنازہ ادا کردی گئی ہے۔

انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق نمازِ جنازہ میں سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سمیت دیگر عسکری حکام نے شرکت کی۔ اس موقع پر ایئر چیف مارشل نے شہید افسر کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ گروپ کیپٹن عاصم طارق نے ایک معصوم شہری کی حفاظت کرتے ہوئے اپنی جان قربان کی، جس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ پاک فضائیہ کے افسران اور جوان اپنے ہم وطنوں کی عزت اور وقار کے تحفظ کے لیے ہر وقت پُرعزم ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ شہید کی یہ عظیم قربانی پاک فضائیہ اور مسلح افواج کی اعلیٰ اور درخشاں روایات کی سچی عکاس ہے۔

واضح رہے کہ اسلام آباد پولیس نے گروپ کیپٹن عاصم طارق کے قتل میں ملوث ملزم کو پہلے ہی گرفتار کر لیا تھا، جسے عدالت کی جانب سے جوڈیشل لاک اپ بھیجا جاچکا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US