شارجہ سے مرمت کے بعد کراچی آنے والا نجی کارگو طیارہ اورماڑہ کے قریب ریڈار سے غائب، ریسکیو آپریشن شروع

image

پاکستان ایئر پورٹ اتھارٹی (پی اے اے) نے شارجہ سے کراچی آنے والے ایک نجی کمپنی کے کارگو طیارے کے لاپتا ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔

ایوی ایشن ذرائع کے مطابق 'کے ٹو بوئنگ 737' نامی یہ کارگو طیارہ اورماڑا کے قریب سمندر کے اوپر 34 ہزار فٹ کی بلندی پر پرواز کے دوران لاپتا ہوا۔ طیارے نے شام 7 بج کر 12 منٹ پر پرواز کی تھی اور اسے رات 9 بج کر 20 منٹ پر کراچی لینڈ کرنا تھا، تاہم رات 9 بج کر 32 منٹ پر اس کا رابطہ منقطع ہوگیا۔

طیارے میں عملے کے 5 افراد سوار تھے جن میں پائلٹ محمد رضوان ادریس، فرسٹ آفیسر فیصل محمود جتوئی، لوڈ ماسٹر محمد توفیق خان، ایئرکرافٹ انجینیئر محمد حامد اور ایئرکرافٹ انجینیئر محمد عارف صدیقی شامل ہیں۔ واقعے کے بعد ڈائریکٹر جنرل پی اے اے ایئریا کنٹرول سینٹر پہنچ گئے ہیں۔

ترجمان پی اے اے کے مطابق طیارے نے پرواز کے دوران نیویگیشن سسٹم میں خرابی کی اطلاع دی تھی جس پر کراچی اے سی سی نے اسے فوری رہنمائی فراہم کی، تاہم طیارہ اچانک تیزی سے نیچے آیا اور اپنی سمت تبدیل کرلی۔ یہ طیارہ کراچی سے تقریباً 155 ناٹیکل میل مغرب میں ریڈار سے غائب ہوا اور اس کا ریڈار و مواصلاتی رابطہ بیک وقت منقطع ہوگیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ طیارہ فنی خرابی کے باعث پانچ روز تک شارجہ میں موجود تھا جہاں پاکستان کے ایک سابق مشیر ہوابازی کی کمپنی 'ناردرن ٹیکنیکس' (Northern techniques) نے اس کی مرمت کی تھی۔ مرمت کے بعد یہ فیری فلائٹ (خالی طیارے) کے طور پر کراچی واپس آرہا تھا کہ لاپتا ہو گیا۔

ریڈار سے طیارہ غائب ہونے کے بعد ریسکیو کوآرڈینیشن سینٹر کو فعال کر کے فوری طور پر سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کردیا گیا ہے، جس میں پاک فضائیہ کا ساب طیارہ، پاک بحریہ کا اے ٹی آر طیارہ، جنگی جہاز پی این ایس ذوالفقار اور پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کا تجارتی جہاز 'لاہور' سمندر میں تلاش کی کارروائیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US