تہران سے لاہور آنے والی ایرانی ائیر لائن کی خصوصی پرواز کو ضروری اجازت نامہ نہ ملنے کے باعث آپریٹ نہیں کیا جاسکا۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق خصوصی پرواز نے بدھ کی صبح لاہور ائیرپورٹ پہنچنا تھا، تاہم مطلوبہ سرکاری منظوری نہ ملنے کی وجہ سے پرواز تہران سے روانہ ہی نہیں ہوسکی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ معمول کی کمرشل پرواز نہیں بلکہ خصوصی پرواز ہے، جس کے لیے پاکستان کی وزارتِ خارجہ کی پیشگی منظوری درکار ہوتی ہے۔ متعلقہ قواعد کے تحت وزارتِ خارجہ یا وزیرِ خارجہ کی اجازت کے بعد ہی ایسی پروازوں کو لینڈنگ کی اجازت دی جاتی ہے۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق ایرانی حکومت کی جانب سے متعلقہ درخواست موصول ہو چکی ہے، تاہم وزارتِ خارجہ کی باضابطہ منظوری کے بعد ہی تہران سے لاہور آنے والی خصوصی پرواز کو لینڈنگ کی اجازت دی جائے گی۔