4 بیٹیوں کے بعد منتوں مرادوں سے بیٹا ہوا تھا، چھ سالہ ولی کے والدین غم سے نڈھال

image

”میں رکشہ چلا کر اپنے گھر کا خرچ اٹھاتا ہوں۔ میری چار بیٹیاں اور صرف ایک بیٹا تھا، جو بہت دعاؤں کے بعد ملا تھا۔ اس ظالم نے میرا گھر اجاڑ دیا۔ ہم دو دن تک اپنے بچے کو ڈھونڈتے رہے، مگر وہ شخص ہمارے ساتھ مل کر تلاش کا دکھاوا کرتا رہا۔ ہماری کسی سے دشمنی نہیں، ہمیں صرف انصاف چاہیے۔“

کراچی کے علاقے لی مارکیٹ، پنجابی محلہ میں چھ سالہ محمد ولی کے قتل نے اہلِ علاقہ کو شدید صدمے میں مبتلا کر دیا۔ بچہ پیر کی شام گھر سے کوئی چیز لینے نکلا تھا، مگر واپس نہ آیا۔ اہلِ خانہ نے رات بھر اور اگلے دن بھی اس کی تلاش جاری رکھی، تاہم منگل اور بدھ کی درمیانی شب اس کی بوری بند لاش گھر کے قریب سے مل گئی۔

پولیس کے مطابق بچے کے قتل کے الزام میں اس کے پڑوسی کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش میں سامنے آیا ہے کہ ملزم نے مبینہ طور پر بچے کے ساتھ زیادتی کے بعد اسے قتل کیا۔ پولیس نے ملزم کو تحویل میں لے کر مزید شواہد اور واقعے کی مکمل تفصیلات جمع کرنا شروع کردی ہیں۔

غم سے نڈھال والدہ نے بتایا کہ ان کے بیٹے کی لاش بوری میں بند کر کے تین منزلہ عمارت سے نیچے پھینکی گئی۔ خاندان کا دعویٰ ہے کہ واقعہ مبینہ طور پر پڑوسی کے گھر میں پیش آیا، جہاں تلاش کے دوران اہلِ خانہ کو اندر جانے سے روکا گیا تھا۔

اہلِ علاقہ کے مطابق ملزم نے مبینہ طور پر بچے کے والد سے ذاتی رنجش کا ذکر کیا، تاہم والدین نے اس دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کسی سے دشمنی نہیں تھی۔ خاندان نے سندھ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ کیس کی شفاف اور فوری تحقیقات کر کے ذمہ دار کو قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US