اسکردو کے لیے روانہ ہونے والی نجی ایئرلائن کی پرواز ٹیک آف کے دوران پرندہ ٹکرانے کے باعث حادثے سے بال بال بچ گئی، جس کے بعد طیارے کو روانگی سے روک دیا گیا۔
ایئرلائن کے ترجمان کے مطابق پرواز پی کے 455 میں 170 مسافر سوار تھے۔ ٹیک آف کے دوران ایک پرندہ طیارے سے ٹکرا گیا، جس کے نتیجے میں ایئربس اے 320 کے انجن نمبر دو کو شدید نقصان پہنچا اور انجن کے متعدد بلیڈ ٹوٹ گئے۔
ترجمان نے بتایا کہ واقعے کے بعد تمام مسافروں کو بحفاظت ایئرپورٹ لاؤنج منتقل کردیا گیا، جبکہ متاثرہ طیارے کی تکنیکی جانچ اور مرمت کا کام جاری ہے۔
ایئرلائن انتظامیہ کے مطابق مسافروں کو جلد از جلد متبادل انتظامات فراہم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، جبکہ طیارے کو مکمل فٹنس کلیئرنس ملنے کے بعد ہی اسے دوبارہ آپریشن کے لیے استعمال کیا جائے گا۔