”میں نے ابھیجیت کی ویڈیو دیکھی ہے جس میں وہ پاکستانی گلوکاروں کے لیے انتہائی نامناسب اور نفرت پر مبنی زبان استعمال کر رہے ہیں۔ پاکستانی شوبز اور میوزک انڈسٹری آگے بڑھ رہی ہے، ہمارے فنکار اپنے ملک میں بھرپور کام کر رہے ہیں اور انہیں کسی کے سرٹیفکیٹ کی ضرورت نہیں۔ بعض لوگ بھارت میں کام نہ ملنے پر صرف توجہ حاصل کرنے کے لیے پاکستانی فنکاروں کا نام لے کر متنازع باتیں کرتے ہیں۔“
پاکستانی اداکارہ، میزبان اور سماجی کارکن مشی خان نے بھارتی گلوکار ابھیجیت بھٹاچاریہ کے پاکستانی فنکاروں سے متعلق سخت اور متنازع ریمارکس پر دو ٹوک ردعمل دے دیا۔
ابھیجیت نے ایک انٹرویو کے دوران پاکستانی فنکاروں، بالخصوص گلوکاروں، کے حوالے سے نامناسب گفتگو کی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ پاکستانیوں کو بھارت سے نکال دینا چاہتے ہیں، جبکہ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ اگر اختیار ان کے پاس ہوتا تو پاکستانی گلوکاروں کے بھارت آنے پر سخت کارروائی کرتے۔
ان بیانات کے بعد مشی خان نے ویڈیو پیغام کے ذریعے بھارتی گلوکار کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی فنکار اپنی صلاحیت اور محنت کے بل پر پہچان بنا رہے ہیں۔ ان کے مطابق پاکستانی موسیقی اور ڈرامہ انڈسٹری مسلسل آگے بڑھ رہی ہے، اس لیے کسی بیرونی شخصیت کی تنقید سے فنکاروں کی اہمیت کم نہیں ہوجاتی۔
مشی خان نے یہ بھی کہا کہ شہرت حاصل کرنے کے لیے اشتعال انگیز جملے بولنا آسان ہے، مگر فن اور فنکاروں کے درمیان نفرت پھیلانا کسی مسئلے کا حل نہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستانی فنکاروں کو اپنے کام، اپنے ناظرین اور اپنی کامیابیوں پر مکمل اعتماد ہے۔
سوشل میڈیا پر مشی خان کی ویڈیو کو صارفین کی جانب سے خاصی پذیرائی مل رہی ہے۔ کئی افراد نے پاکستانی فنکاروں کے حق میں آواز اٹھانے پر ان کی تعریف کی، جبکہ بعض صارفین نے دونوں ممالک کے فنکاروں کے درمیان اختلاف کے بجائے باہمی احترام اور مثبت رویے کی ضرورت پر زور دیا۔