ضلع کچہری لاہور میں توہینِ مذہب کے مقدمے میں گرفتار نیوز اینکر ریحان طارق کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ عدالت نے پولیس کی استدعا منظور کرتے ہوئے ملزم کا چھ روزہ جسمانی ریمانڈ دے دیا۔
پولیس کے مطابق ریحان طارق کے خلاف توہینِ مذہب اور پیکا ایکٹ کی مختلف دفعات کے تحت مقدمہ ڈپٹی ڈائریکٹر رضوان صابر کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔ تفتیشی حکام نے عدالت کو بتایا کہ ملزم نے اپنے آفیشل سوشل میڈیا پیج پر ایک انٹرویو نشر کیا، جس میں مبینہ طور پر حساس اور متنازع نوعیت کے سوالات شامل تھے۔
پولیس نے مؤقف اختیار کیا کہ تفتیش کو آگے بڑھانے کے لیے ملزم کے موبائل فون اور دیگر الیکٹرانک ڈیوائسز کا فرانزک معائنہ کرانا ضروری ہے۔ عدالت نے دلائل سننے کے بعد ریحان طارق کا چھ روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر تفتیشی رپورٹ بھی طلب کرلی۔
یاد رہے کہ پوڈ کاسٹر ریحان طارق کو لاہور ایئرپورٹ پر این سی سی آئی اے نے رات تقریباً ایک بجے اس وقت حراست میں لیا تھا جب وہ لندن سے لاہور ائیر پورٹ پہنچے تھے۔
واضح رہے کہ ریحان طارق نے چند روز پہلے ذاکر جواد نقوی سے متنازعہ پوڈ کاسٹ کیا تھا۔ جس کا کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہوا۔ جس پر مذہبی و سماجی حلقوں کی طرف سے شدید ردعمل آیا تھا۔