کراچی کے علاقے گارڈن گھاس منڈی میں حنفیہ مسجد والی گلی میں ایک انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں ایک 6 سالہ بچہ خالد ولد جنید گٹر کے کھلے مین ہول میں گرگیا۔ واقعے کے فوراً بعد علاقے میں شدید تشویش اور غم و غصے کی لہر دوڑ گئی اور مقامی افراد کی بڑی تعداد جمع ہوگئی۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیموں نے فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ کر بچے کی تلاش کے لیے بڑے پیمانے پر آپریشن کا آغاز کردیا۔ ریسکیو اہلکار جدید آلات کی مدد سے کھلے مین ہول اور اس سے منسلک سیوریج لائنوں میں بچے کو تلاش کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔
حالات کی سنگینی کے پیش نظر پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے اعلیٰ حکام بھی موقع پر پہنچ گئے ہیں۔ پولیس نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر امدادی کاموں میں معاونت شروع کر دی ہے جبکہ انتظامیہ کے افسران خود اس آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں۔
دوسری جانب علاقہ مکینوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ گلی محلوں میں کھلے مین ہولز انتظامیہ کی مجرمانہ غفلت کا نتیجہ ہیں جس کی وجہ سے یہ حادثہ پیش آیا۔ اس وقت متاثرہ خاندان اور موقع پر موجود تمام شہری معصوم خالد کی باحفاظت زندگی اور اس کے جلد مل جانے کے لیے دعاگو ہیں، جبکہ انتظامیہ کا موقف ہے کہ بچے کو بحفاظت نکالنے کے لیے تمام تر دستیاب وسائل کا استعمال کیا جا رہا ہے۔