پاک بحریہ اور پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی (پی ایم ایس) نے مشترکہ سرچ آپریشن کے دوران لاپتا کارگو طیارے کا ملبہ سمندر سے تلاش کرلیا۔
ذرائع کے مطابق طیارے کا ملبہ اس مقام کے قریب ملا جہاں طیارے سے آخری بار رابطہ منقطع ہوا تھا۔ ملبہ ملنے کے بعد متعلقہ اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر مزید تفتیش اور شواہد اکٹھا کرنے کا عمل شروع کردیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجوہات کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات جاری ہیں، جبکہ طیارے میں سوار عملے کے بارے میں معلومات حاصل کرنے اور ریکوری آپریشن بھی جاری ہے۔
واضح رہے کہ کارگو طیارہ پرواز کے دوران نیویگیشن سسٹم میں خرابی کی اطلاع دینے کے کچھ ہی دیر بعد ریڈار سے غائب ہو گیا تھا، جس کے بعد پاک بحریہ، فضائیہ اور دیگر متعلقہ اداروں نے وسیع پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کیا تھا۔