فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان دشمن انٹیلی جنس ایجنسیوں کی ملک کو غیر مستحکم کرنے کی کوششوں سے مکمل طور پر آگاہ ہے اور سرحد پار سے ہونے والی دہشت گردی کا ریاست پوری قوت سے مقابلہ کرتے ہوئے اسے کچل دے گی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کا دورہ کیا، جہاں صدر نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی نے ان کا استقبال کیا۔
دورے کے دوران انہوں نے نیشنل سیکیورٹی اینڈ وار کورس کے گریجویٹنگ افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جنگ کی نوعیت تیزی سے تبدیل ہورہی ہے، جس کے پیش نظر پاکستان کی مسلح افواج بھی اپنی حکمت عملی، استعداد اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو جدید تقاضوں کے مطابق ڈھال رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسٹریٹجک وضاحت، ادارہ جاتی پیشہ ورانہ مہارت اور بروقت فیصلہ سازی پیچیدہ سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کی بنیاد ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی جیسے ادارے مستقبل کی عسکری اور سول قیادت کو ہائبرڈ، روایتی اور غیر روایتی خطرات سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے تیار کر رہے ہیں۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی سلامتی، خودمختاری اور استحکام کے خلاف ہر سازش کا بھرپور اور مؤثر جواب دیا جائے گا۔