اینکر مرید عباس قتل کیس کا 7 سال بعد فیصلہ، مرکزی ملزم کو دو بار سزائے موت کا حکم

image

کراچی کی ایک مقامی عدالت نے معروف اینکر پرسن مرید عباس اور خضر حیات کے قتل کیس میں مرکزی ملزم عاطف زمان کو دو مرتبہ سزائے موت سنا دی۔ عدالت نے ملزم پر مجموعی طور پر 10 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا ہے۔

عدالت نے کیس کے دوسرے ملزم عادل زمان کے مستقل وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ہیں۔ عادل زمان ضمانت کی درخواست مسترد ہونے کے بعد روپوش ہو گیا تھا، جس کے باعث اسے پہلے ہی اشتہاری ملزم قرار دیا جا چکا ہے۔

یہ فیصلہ واقعے کے تقریباً سات برس بعد سامنے آیا ہے۔ دورانِ سماعت پراسیکیوشن نے ملزمان کے خلاف شواہد اور ریکارڈ عدالت میں پیش کیا، جس کے بعد عدالت نے دلائل مکمل ہونے پر عاطف زمان کو دونوں قتل کا ذمہ دار قرار دیا۔

فیصلے کے مطابق عاطف زمان کو مرید عباس اور خضر حیات کے قتل کے الگ الگ مقدمات میں موت کی سزا دی گئی ہے، جبکہ مالی جرمانہ بھی ادا کرنا ہوگا۔

یہ واقعہ 9 جولائی 2019 کو کراچی کے علاقے ڈیفنس میں پیش آیا تھا۔ پولیس اور مقدمے کے ریکارڈ کے مطابق کاروباری معاملات کے تنازع پر عاطف زمان اور اس کے بھائی عادل زمان نے فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں ٹی وی اینکر مرید عباس اور خضر حیات جان سے چلے گئے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US