ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے ایشیا میں معاشی ترقی کے امکانات سے متعلق اپنی تازہ رپورٹ جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ پاکستان میں رواں مالی سال کے دوران مہنگائی میں اضافے اور معاشی شرح نمو ہدف سے کم رہنے کا امکان ہے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان میں اوسط مہنگائی کی شرح ایک فیصد سے بڑھ کر 8.3 فیصد تک پہنچ سکتی ہے، جبکہ ملکی معاشی شرح نمو بھی حکومتی 4 فیصد ہدف سے کم رہنے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔
ایشیائی ترقیاتی بینک کے مطابق جنوبی ایشیا کی مجموعی معاشی ترقی کی شرح 6.0 فیصد رہنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارت 6.6 فیصد شرح نمو کے ساتھ خطے میں سرفہرست رہے گا، جبکہ بھوٹان دوسرے نمبر پر ہوگا۔ سری لنکا کی معاشی شرح نمو 4 فیصد اور نیپال کی 3.9 فیصد رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق افغانستان کی معاشی شرح نمو 2.3 فیصد رہنے کی توقع ہے، جبکہ مالدیپ کی معیشت ایک فیصد کی رفتار سے ترقی کرسکتی ہے۔
اے ڈی بی کا کہنا ہے کہ جنوبی ایشیا کے مختلف ممالک کی معاشی کارکردگی کا انحصار داخلی اصلاحات، سرمایہ کاری، برآمدات اور عالمی معاشی حالات پر ہوگا، تاہم مجموعی طور پر خطے میں معاشی ترقی کا رجحان برقرار رہنے کی توقع ہے۔