”دھرمیندر ہمیشہ کہتے تھے کہ خاندان کو ساتھ لے کر چلنا چاہیے۔ زندگی میں کچھ بھی ہو، اپنے لوگوں کو اہمیت دینا ضروری ہے۔ وہ اپنی ذاتی زندگی کو عوامی بحث کا موضوع بنانا پسند نہیں کرتے تھے، اسی لیے ہم بھی اپنے گھریلو معاملات کو محدود رکھتے ہیں۔ سنی اور بوبی بہت اچھے بیٹے ہیں اور ہمارے درمیان محبت اور احترام کا مضبوط رشتہ ہے۔“
بالی وڈ کی سینئر اداکارہ اور سیاسی شخصیت ہیما مالنی نے اپنے مرحوم شوہر دھرمیندر کے آخری پیغام کا ذکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ خاندان کے اتحاد کو سب سے زیادہ اہم سمجھتے تھے۔
ایک حالیہ انٹرویو میں ہیما مالنی نے بتایا کہ دھرمیندر نے وفات سے پہلے اہلِ خانہ کو نصیحت کی تھی کہ ہر صورت ایک دوسرے کے ساتھ رہیں اور خاندان کو ترجیح دیں۔ ان کے مطابق دھرمیندر اپنی نجی زندگی کو خبروں اور گفتگو کا حصہ بنانے کے حق میں نہیں تھے۔
ہیما مالنی نے دھرمیندر کے بڑے بیٹوں سنی دیول اور بوبی دیول کے ساتھ تعلقات پر بھی بات کی۔ انہوں نے کہا کہ خاندان کے افراد ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں، مگر وہ اپنی باہمی گفتگو اور ذاتی معاملات کو میڈیا میں نمایاں نہیں کرتے۔
دھرمیندر گزشتہ برس 24 نومبر کو 89 برس کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔ وہ ہندی سنیما کے نمایاں اداکاروں میں شمار ہوتے تھے اور کئی دہائیوں تک فلمی دنیا پر چھائے رہے۔
دھرمیندر اور ہیما مالنی کی ملاقات 1960 کی دہائی کے آخری برسوں میں فلموں کی شوٹنگ کے دوران ہوئی۔ دونوں نے بعد میں شعلے، سیتا اور گیتا، ڈریم گرل اور دی برننگ ٹرین سمیت متعدد مقبول فلموں میں ایک ساتھ کام کیا۔
فلمی پردے پر ان کی جوڑی کو خاص پذیرائی ملی اور یہی قربت وقت کے ساتھ حقیقی زندگی کے رشتے میں بدل گئی۔ دونوں نے 1980 میں شادی کی۔ اس وقت دھرمیندر پہلے سے شادی شدہ تھے اور ان کے چار بچے تھے، جبکہ ہیما مالنی اور دھرمیندر کی دو بیٹیاں ایشا دیول اور آہنا دیول ہیں۔