وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت نیشنل ایکشن پلان کی صوبائی ایپکس کمیٹی کا اجلاس کوئٹہ میں شروع ہو گیا ہے، جس میں بلوچستان کی امن و امان کی مجموعی صورتحال، انسدادِ دہشت گردی اقدامات اور سیکیورٹی سے متعلق امور کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
اجلاس میں چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل، وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سربراہان شریک ہیں۔
اجلاس میں وفاقی وزیر احد خان چیمہ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی و عوامی امور رانا ثناء اللہ بھی شریک ہیں۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال، نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد، دہشت گردی کے خلاف جاری اقدامات اور سیکیورٹی اداروں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا جا رہا ہے، جبکہ صوبے میں امن کے قیام اور ترقیاتی عمل کو مزید مؤثر بنانے کے حوالے سے اہم فیصلوں کا بھی امکان ہے۔