اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی دو روزہ 9ویں خواتین وزارتی کانفرنس آج وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں شروع ہو رہی ہے، جس میں رکن ممالک سے وزرا، اعلیٰ سرکاری حکام اور خواتین رہنما شرکت کریں گے۔
کانفرنس کے دوران خواتین کے سماجی حقوق، بااختیار بنانے، ترقی اور دیگر اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ او آئی سی کے 57 رکن ممالک سے تقریباً 190 مندوبین کانفرنس میں شرکت کریں گے۔
اس موقع پر مختلف رکن ممالک کے وفود کی اسلام آباد آمد کا سلسلہ جاری ہے، جہاں وزیر مملکت بیرسٹر عقیل ملک اور دیگر اعلیٰ حکام نے مہمان وفود کا استقبال کیا۔
وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کانفرنس کے چیئرمین کی حیثیت سے اجلاس کی صدارت کریں گے، جبکہ کانفرنس کے انعقاد کے سلسلے میں 9ویں او آئی سی خواتین وزارتی کانفرنس کا خصوصی نغمہ اور دستاویزی فلم بھی جاری کردی گئی ہے۔