فائلر اسٹیٹس بحال کرانے اور 25 ہزار روپے جرمانے سے بچنے کا طریقہ کار جاری

image

بروقت ٹیکس گوشوارے جمع نہ کرانے کے باعث نان فائلر ہونے والے شہریوں کے لیے فائلر اسٹیٹس بحال کرانے اور 25 ہزار روپے جرمانے سے بچنے کا طریقہ کار جاری کردیا گیا۔

جاری کردہ طریقہ کار کے مطابق انفرادی ٹیکس دہندگان اور واحد ملکیتی کاروبار کرنے والے افراد آئی آر آئی ایس 2.0 پورٹل کے ذریعے فارم اے ٹی ایل-یو جمع کروا کر دوبارہ ایکٹو ٹیکس پیئر لسٹ (اے ٹی ایل) میں شامل ہوسکتے ہیں۔

طریقہ کار کے تحت شناختی کارڈ پر رجسٹرڈ کاروبار کو قانونی طور پر انفرادی کاروبار تصور کیا جائے گا۔ ٹیکس دہندگان اپنے ذاتی آئی آر آئی ایس 2.0 اکاؤنٹ میں لاگ اِن کرکے ڈیکلریشن ٹیب یا ٹاسک بار میں فارم اے ٹی ایل-یو تلاش کریں گے اور متعلقہ ٹیکس سال منتخب کرکے درخواست جمع کروائیں گے۔

فارم جمع کرانے سے قبل ٹیکس دہندگان کے لیے فراہم کردہ انڈرٹیکنگ کا مطالعہ اور ڈیجیٹل دستخط کرنا لازمی ہوگا۔ انڈرٹیکنگ کے تحت درخواست گزار آئندہ چھ ماہ تک کسی جائیداد کی خریداری، حصول یا ملکیت کا حق حاصل نہیں کرسکے گا۔

طریقہ کار کے مطابق فارم اے ٹی ایل-یو کامیابی سے جمع ہونے پر ٹیکس دہندہ کا فائلر اسٹیٹس خودکار طور پر بحال ہوجائے گا، جبکہ مقررہ شرائط پوری کرنے والے شہری 25 ہزار روپے کے جرمانے سے بھی محفوظ رہ سکیں گے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US