وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ میں نوجوان اور نئے چہروں کو شامل کرنے کے لیے مشاورت مکمل کرلی ہے۔
ذرائع کے مطابق، نئے شامل ہونے والے محنتی اور متحرک ارکان کو وزیرِ مملکت کے عہدے دیے جانے کا امکان ہے تاکہ نتائج پر مبنی کارکردگی حاصل کی جا سکے۔
یہ فیصلہ بعض وفاقی وزارتوں کی ناقص کارکردگی پر وزیراعظم کے عدم اطمینان کے بعد سامنے آیا ہے۔
وزیراعظم نے چاول، آلو اور پھلوں کی برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ نہ ہونے پر شدید تشویش اور برہمی کا اظہار کیا ہے، جبکہ وہ وزارتِ آبی وسائل کی کارکردگی سے بھی غیر مطمئن ہیں۔ اس کے ساتھ ہی، قومی خزانے پر بوجھ کم کرنے کے لیے بعض وزارتوں میں فوری اصلاحات لانے پر بھی سنجیدگی سے غور کیا جا رہا ہے۔