بلوچستان میں نئے ڈویژنز اور اضلاع کا قیام، قلات ڈویژن ختم، کوئٹہ دو اضلاع میں تقسیم

image

حکومتِ بلوچستان کے محکمۂ ریونیو نے صوبے میں نئے ڈویژنز اور اضلاع کے قیام کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے، جس کے بعد اب بلوچستان کا انتظامی ڈھانچہ تبدیل ہو کر 11 ڈویژنز اور 41 اضلاع پر مشتمل ہوگیا ہے۔

جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق، صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کو دو اضلاع یعنی کوئٹہ ایسٹ اور کوئٹہ ویسٹ میں تقسیم کر دیا گیا ہے۔ کوئٹہ ایسٹ میں سریاب، صدر اور سٹی جبکہ کوئٹہ ویسٹ میں کچلاک، بروری اور پنجپائی کی سب ڈویژنز شامل کی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ ضلع مستونگ کو قلات ڈویژن سے علیحدہ کرکے کوئٹہ ڈویژن کا حصہ بنادیا گیا ہے، جس سے کوئٹہ ڈویژن اب تین اضلاع پر مشتمل ہوگیا ہے۔

انتظامی تبدیلیوں کے تحت صوبائی حکومت نے قلات ڈویژن کو ختم کر کے دو نئے ڈویژنز 'خضدار' اور 'لسبیلہ' قائم کر دیے ہیں۔ خضدار ڈویژن میں خضدار، قلات، سوراب اور نیا ضلع وڈھ شامل ہوں گے، جبکہ لسبیلہ ڈویژن لسبیلہ، حب اور آواران کے اضلاع پر مشتمل ہوگا۔ اسی طرح ایک اور نیا ڈویژن پشین بنایا گیا ہے جس میں قلعہ عبداللہ، پشین، چمن اور نیا ضلع برشور شامل کیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق، سبی ڈویژن کا نام تبدیل کر کے 'سیوی' رکھ دیا گیا ہے، اور یہ سیوی، ڈیرہ بگٹی ساؤتھ اور کچھی کے اضلاع پر مشتمل ہوگا۔ بلوچستان کے اب مجموعی طور پر 11 ڈویژنز میں کوئٹہ، رخشان، مکران، نصیر آباد، ژوب، لورالائی، کوہ سلیمان، پشین، لسبیلہ، سیوی اور خضدار شامل ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US