پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے 13 جولائی 1931ء کے شہدائے کشمیر کی برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں سرینگر میں شہید ہونے والے 22 کشمیریوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی قربانیاں امن، انصاف اور حقوق کے حصول کی جدوجہد میں ضرور رنگ لائیں گی۔
اپنے پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ 13 جولائی 1931ء کے شہداء کے لہو نے کشمیری عوام کی جمہوری، سیاسی اور بنیادی انسانی حقوق کے لیے جاری طویل جدوجہد کی بنیاد رکھی۔ ان کا کہنا تھا کہ شہدائے کشمیر کی قربانیاں دنیا کو یہ واضح پیغام دیتی ہیں کہ عزت، انصاف اور اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کی خواہش کو طاقت کے ذریعے دبایا نہیں جاسکتا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے بھارتی زیرِ انتظام جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت اور بنیادی انسانی حقوق کی حمایت جاری رکھے گی۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کا قیام مسئلہ کشمیر کے منصفانہ، پُرامن اور دیرپا حل سے مشروط ہے، جو کشمیری عوام کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا مسئلہ کشمیر پر مؤقف پارٹی کے لیے آج بھی مشعلِ راہ ہے۔