نیب قوانین میں حالیہ ترامیم کے بعد زیر التوا اپیلوں کے دائرۂ اختیار سے متعلق اہم قانونی معاملہ کل سپریم کورٹ میں سماعت کے لیے مقرر کر دیا گیا ہے۔ کیس کی سماعت جسٹس محمد علی مظہر کی سربراہی میں تین رکنی بینچ کرے گا، جس میں جسٹس مسرت ہلالی اور جسٹس شاہد بلال بھی شامل ہیں۔
وفاقی حکومت نے عدالت میں جمع کرائے گئے اپنے جواب میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ نیب قوانین میں کی گئی ترامیم کے بعد زیر التوا اپیلوں کے ساتھ ساتھ ضمانت سے متعلق مقدمات بھی آئینی عدالت کو منتقل کیے جائیں۔
یاد رہے کہ پارلیمنٹ نے مارچ میں نیب قانون میں ترمیم کرتے ہوئے ہائی کورٹس کے فیصلوں کے خلاف نیب اپیلیں سننے کا اختیار آئینی عدالت کو منتقل کر دیا تھا۔
اب سپریم کورٹ کا تین رکنی بینچ اس اہم قانونی نکتے کا تعین کرے گا کہ آیا یہ ترمیم صرف نئے مقدمات پر لاگو ہوگی یا اس کا اطلاق پہلے سے زیر التوا اپیلوں اور دیگر مقدمات پر بھی ہوگا۔ قانونی ماہرین کے مطابق اس فیصلے کے نیب سے متعلق متعدد زیر سماعت مقدمات کے آئندہ فورم اور کارروائی پر دور رس اثرات مرتب ہوں گے۔