مون سون 2026: خیبر پختونخوا میں تیاریوں کا جائزہ، تمام اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت

image

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے حکومتِ خیبر پختونخوا کے اشتراک سے مون سون 2026 کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے اہم اجلاس منعقد کیا، جس کی صدارت وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک نے کی۔

اجلاس میں چیئرمین این ڈی ایم اے، ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے خیبر پختونخوا اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اس موقع پر صوبے میں ممکنہ سیلابی صورتحال، شہری و دریائی سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے سے پیدا ہونے والے خطرات سے نمٹنے کے لیے کیے گئے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

پی ڈی ایم اے خیبر پختونخوا نے اجلاس کو مون سون کے دوران ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے صوبائی تیاریوں، ریسپانس پلان، دستیاب وسائل اور ادارہ جاتی اقدامات پر بریفنگ دی۔

وفاقی وزیر ڈاکٹر مصدق ملک نے تمام متعلقہ اداروں کو مون سون کے دوران مکمل الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے ضلعی اور یونین کونسل کی سطح پر رابطہ اور باہمی ہم آہنگی مزید مؤثر بنانے پر زور دیا۔

اجلاس میں مون سون سیزن کے دوران خیبر پختونخوا میں محفوظ سیاحت کے فروغ، سفری سہولیات کی بہتری اور ممکنہ خطرات سے متعلق عوامی آگاہی مہم کو مؤثر بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا، تاکہ جانی و مالی نقصانات کو کم سے کم کیا جاسکے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US