خواجہ آصف کی مولانا فضل الرحمان پر تنقید، شہداء کی قربانیوں سے متعلق بیان پر اعتراض

image

وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے حالیہ بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے اسے پاکستان کے شہداء کی قربانیوں کی توہین قرار دیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان ایک سینئر سیاستدان اور ممتاز مذہبی رہنما ہیں، اس لیے انہیں الفاظ کے انتخاب میں زیادہ احتیاط کا مظاہرہ کرنا چاہیے تھا۔

وزیر دفاع نے کہا کہ فوجیوں کی قربانیوں کو ان کی تنخواہوں سے جوڑنا نہ صرف غیرمنصفانہ ہے بلکہ اس سے شہداء کے اہلِ خانہ کی دل آزاری بھی ہوئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کوئی بھی سپاہی صرف تنخواہ کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش نہیں کرتا، بلکہ وہ فرض، یقین اور وطن سے محبت کے جذبے کے تحت قربانی دیتا ہے۔

خواجہ آصف نے مزید کہا کہ سیاسی اختلاف رائے ہر ایک کا حق ہے، تاہم دہشت گردی کے خلاف لڑنے والے سکیورٹی اہلکاروں اور شہریوں کی قربانیوں کو کم تر دکھانا اخلاقی طور پر نامناسب رویہ ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US