وزیراعظم کی مون سون کے دوران صوبوں کے ساتھ قریبی رابطے اور بھرپور تیاریوں کی ہدایت

image

وزیراعظم محمد شہباز شریف سے چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے ملاقات کی، جس میں ملک بھر میں مون سون بارشوں کے دوران ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے کیے گئے انتظامات اور تیاریوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم نے ہدایت کی کہ مون سون سیزن میں صوبائی حکومتوں اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز (پی ڈی ایم ایز) کے ساتھ رابطوں اور باہمی ہم آہنگی کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ کسی بھی ممکنہ قدرتی آفت یا ہنگامی صورتحال کا بروقت اور مؤثر انداز میں مقابلہ کیا جاسکے۔

چیئرمین این ڈی ایم اے نے وزیراعظم کو پیشگی انتباہ (ارلی وارننگ) کے نظام کو مکمل طور پر فعال بنانے کے لیے کیے گئے اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ اس مقصد کے لیے وزارتِ موسمیاتی تبدیلی کے ساتھ قریبی تعاون جاری ہے اور نظام کو مزید مؤثر بنانے پر کام تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔

وزیراعظم نے عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو مکمل تیاری اور باہمی رابطہ برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US