ہنرمند نوجوان پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں، وزیراعظم

image

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے نوجوانوں کی ہنرمندی و پیشہ وارانہ مہارت کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان آج دنیا کے ساتھ مل کر نوجوانوں کی صلاحیتوں، عزم اور استعداد کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہے، کیونکہ نوجوان ملک کا قیمتی قومی اثاثہ ہیں اور یہی پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ ڈیجیٹل جدت، مصنوعی ذہانت، ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز اور تیزی سے بدلتی عالمی معیشت کے تناظر میں بین الاقوامی معیار کی مہارتیں وقت کی اہم ضرورت بن چکی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ فنی و پیشہ ورانہ تعلیم، پیداواری صلاحیت اور کاروباری جدت ہی معاشی ترقی اور عالمی مسابقت کی بنیاد ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ حکومت نے نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (NAVTTC) کو ایک جدید، متحرک اور مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ قومی ادارے میں تبدیل کیا ہے تاکہ نوجوانوں کو عالمی معیار کی تربیت، بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ اسناد اور صنعت سے ہم آہنگ مہارتیں فراہم کی جا سکیں۔

انہوں نے بتایا کہ رواں سال نیوٹیک کے ذریعے تکنیکی مہارتوں کے فروغ کے لیے خطیر بجٹ مختص کیا گیا ہے جو حکومت کے اس عزم کا مظہر ہے کہ ہنرمندی کو پاکستان کی معاشی ترقی اور خوشحالی کا بنیادی ستون بنایا جائے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومتی پالیسی کا مقصد صرف روزگار کے مواقع پیدا کرنا نہیں بلکہ ایسے ہنر مند، کاروباری شخصیات اور پیشہ ور افراد تیار کرنا بھی ہے جو برآمدات، قومی پیداواری صلاحیت اور پائیدار معاشی ترقی میں مؤثر کردار ادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت صنعتی شراکت داروں اور بین الاقوامی اداروں کے ساتھ تعاون کو مزید وسعت دے رہی ہے تاکہ پاکستانی افرادی قوت عالمی معیار پر پورا اتر سکے اور بین الاقوامی سطح پر اپنی مسابقت برقرار رکھے۔ انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ مرد و خواتین کو بلا امتیاز یکساں مواقع فراہم کیے جائیں گے تاکہ قومی افرادی قوت کی صلاحیتوں کو بھرپور انداز میں بروئے کار لایا جا سکے۔

وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی و صوبائی سطح پر مربوط حکمت عملی، تربیتی اداروں کی مؤثر کارکردگی اور نجی شعبے کے اشتراک سے پاکستانی ہنرمند افرادی قوت عالمی سطح پر قابلیت، جدت اور اعتماد کی علامت بنے گی۔ انہوں نے قوم پر زور دیا کہ صلاحیتوں کو قومی خوشحالی میں تبدیل کرنے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US