لیسکو کا بجلی چوری کے خلاف نیا اقدام، ہائی لاسز ٹرانسفارمرز پر سکیننگ میٹرز کی تنصیب شروع

image

لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) نے بجلی چوری کی روک تھام کے لیے ہائی لائن لاسز والے ٹرانسفارمرز پر سکیننگ میٹرز کی تنصیب کا آغاز کردیا ہے۔

کمپنی ذرائع کے مطابق ہائی لائن لاسز والے علاقوں میں سکیننگ میٹرز نصب کرنے کے لیے باقاعدہ اہداف مقرر کیے گئے ہیں، جبکہ تمام متعلقہ دفاتر کو ہدایت کی گئی ہے کہ رواں ماہ کے دوران یہ عمل مکمل کیا جائے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور شہر سمیت مختلف علاقوں میں لائن لاسز کی شرح کو مدنظر رکھتے ہوئے سکیننگ میٹرز نصب کیے جا رہے ہیں۔ اس مقصد کے لیے پہلے بجلی چوری سے متاثرہ علاقوں کی نشاندہی کی گئی، جس کے بعد وہاں جدید میٹرز کی تنصیب شروع کی گئی۔

حکام کے مطابق سکیننگ میٹرز کی مدد سے ٹرانسفارمر سے گزرنے والی بجلی کی مجموعی مقدار کا ریکارڈ حاصل کیا جائے گا، جس کا موازنہ اسی ٹرانسفارمر سے منسلک تمام صارفین کے میٹروں کی ریڈنگ سے کیا جائے گا۔ اگر سکیننگ میٹر کی ریڈنگ صارفین کی مجموعی ریڈنگ سے زیادہ ہوئی تو اسے بجلی چوری کا اشارہ تصور کرتے ہوئے فوری کارروائی کی جائے گی۔

لیسکو کا کہنا ہے کہ سکیننگ میٹرز کی تنصیب کے بعد ہائی لاسز والے ٹرانسفارمرز اور ان سے منسلک تمام کنکشنز کی مسلسل نگرانی کی جائے گی تاکہ بجلی چوری کی مؤثر روک تھام یقینی بنائی جاسکے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US