وزیراعلیٰ پنجاب نے پانچ اضلاع میں الیکٹرو بس سروس کا افتتاح کردیا

image

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لیہ، اوکاڑہ، سیالکوٹ، چنیوٹ اور مری میں الیکٹرو بس سروس کا ڈیجیٹل افتتاح کرتے ہوئے اگست کے اختتام تک پنجاب بھر میں 1100 الیکٹرو بسیں فعال کرنے کا ہدف مقرر کردیا۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ پانچ برسوں میں صوبے میں 5 ہزار الیکٹرو بسیں چلائی جائیں گی، جس سے پنجاب ملک کا سب سے بڑا پبلک ٹرانسپورٹ نظام رکھنے والا صوبہ بن جائے گا۔

افتتاحی تقریب کے دوران وزیراعلیٰ کو بریفنگ دی گئی کہ منصوبے کے پہلے مرحلے میں پانچ اضلاع کے 10 مختلف روٹس پر 51 الیکٹرو بسیں چلائی جائیں گی، جبکہ جولائی کے اختتام تک مزید 9 اضلاع میں 101 نئی الیکٹرو بسیں سروس کا حصہ بن جائیں گی۔

بریفنگ کے مطابق لیہ میں جنرل بس اسٹینڈ سے پہاڑ پور اور تحصیل اسپتال، چنیوٹ میں تحصیل چوک سے بھوانہ اور لالیاں، اوکاڑہ میں ساہیوال بائی پاس سے کے ایف سی بائی پاس اور جنرل بس اسٹینڈ سے شیر گڑھ، سیالکوٹ میں جنرل بس اسٹینڈ سے ڈسکہ اور پسرور، جبکہ مری میں جنرل بس اسٹینڈ سے کوٹلی ستیاں اور 17 میل تک الیکٹرو بسیں چلائی جائیں گی۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے ہدایت کی کہ تمام ڈپٹی کمشنرز الیکٹرو بس اسٹینڈز کی تعمیر، بحالی اور دیکھ بھال کی خود نگرانی کریں، جبکہ عوام کو درپیش مسائل کے فوری حل کے لیے ضلعی انتظامیہ بروقت اقدامات یقینی بنائے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا پبلک ٹرانسپورٹ نیٹ ورک قائم کیا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق گزشتہ ڈھائی برسوں کے دوران الیکٹروبس منصوبے کو عوامی سطح پر بھرپور پذیرائی ملی ہے اور دور دراز و پسماندہ علاقوں کے شہری بھی جدید، ماحول دوست اور ایئرکنڈیشنڈ سفری سہولت سے مستفید ہو رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے بتایا کہ اس وقت پنجاب کے 24 اضلاع میں 500 الیکٹرو بسیں چل رہی ہیں، جبکہ 15 اگست تک مزید بسیں صوبے میں پہنچ جائیں گی، جس کے بعد اگست کے اختتام تک 1100 الیکٹروبسیں مکمل طور پر فعال کر دی جائیں گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ رواں سال مزید 1500 الیکٹروبسیں بھی شامل کی جائیں گی، جس کے بعد صوبے میں الیکٹرو بسوں کی مجموعی تعداد تقریباً 3000 ہوجائے گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US