حکومتِ سندھ نے سرکاری ملازمین کی بقایا تنخواہوں، الاؤنسز اور انکریمنٹ سے متعلق دیرینہ مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کا آغاز کرتے ہوئے تین رکنی اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم کردی ہے۔
محکمہ خزانہ سندھ کے مطابق کمیٹی ملازمین کے مالی معاملات کا جائزہ لے کر بقایا ادائیگیوں، الاؤنسز اور انکریمنٹ سے متعلق مسائل کو جلد از جلد حل کرنے کے لیے سفارشات مرتب کرے گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ڈائریکٹر محکمہ خزانہ کو کمیٹی کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے، جبکہ انٹرنل آڈیٹر اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایڈمن محکمہ خزانہ کو کمیٹی کے ارکان شامل کیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ کمیٹی ملازمین کے مالی کلیمز کی اسکروٹنی کرے گی، الاؤنسز اور انکریمنٹ سے متعلق معاملات کا جائزہ لے گی اور قانونی پیچیدگیوں کو دور کرتے ہوئے ادائیگیوں کا عمل تیز کرنے کے لیے اقدامات تجویز کرے گی۔
محکمہ خزانہ کے مطابق کمیٹی کا مقصد ملازمین کے مالی معاملات کو شفاف اور بروقت انداز میں نمٹانا اور بقایا واجبات کی ادائیگی میں حائل رکاوٹوں کا خاتمہ کرنا ہے۔