صارفین کی اجازت کے بغیر سمز اجرا، پی ٹی اے نے موبائل کمپنیز پر 74 کروڑ روپے جرمانہ عائد کردیا

image

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے صارفین کی اجازت کے بغیر شناختی کارڈز پر سمیں جاری کرنے اور سم اجرا کے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی پر ملک کی چاروں موبائل فون کمپنیوں پر مجموعی طور پر 74 کروڑ روپے کے جرمانے عائد کر دیے۔

پی ٹی اے کے مطابق زونگ پر سم اجرا کے قواعد کی خلاف ورزی پر 15 کروڑ 56 لاکھ روپے، جاز پر غیرقانونی سموں کے اجرا اور نگرانی میں غفلت برتنے پر 11 کروڑ 67 لاکھ روپے جبکہ ٹیلی نار پر سم اجرا کے ضوابط کی خلاف ورزی پر 11 کروڑ 67 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔

اسی طرح یوفون پر مختلف نوعیت کی خلاف ورزیوں کے باعث مجموعی طور پر 23 کروڑ 34 لاکھ روپے سے زائد کا جرمانہ عائد کیا گیا۔

پی ٹی اے نے اپنے فیصلوں میں قرار دیا کہ موبائل کمپنیوں نے سموں کے اجرا کے عمل میں سنگین بے ضابطگیوں کا مظاہرہ کیا اور فرنچائزز کے ذریعے ہونے والی خلاف ورزیوں کی ذمہ داری بھی متعلقہ کمپنیوں پر عائد ہوتی ہے۔ اتھارٹی کے مطابق کمپنیوں نے فرنچائزز اور بائیومیٹرک تصدیقی نظام کی مؤثر نگرانی نہیں کی۔

پی ٹی اے نے تمام موبائل کمپنیوں کو مقررہ مدت کے اندر جرمانے جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ عدم ادائیگی کی صورت میں مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

اتھارٹی کا کہنا ہے کہ غیرقانونی طور پر سموں کا اجرا شناختی چوری، سائبر فراڈ اور مالیاتی جرائم جیسے سنگین مسائل کو جنم دے سکتا ہے، اس لیے ایسے اقدامات کے خلاف سخت کارروائی جاری رکھی جائے گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US