نیشنل کوآرڈینیشن اینڈ مینجمنٹ کونسل (این سی ایم سی) نے ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کے وافر ذخائر کی موجودگی کی تصدیق کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ عوام کو ایندھن کی فراہمی میں کسی قسم کی رکاوٹ کا خدشہ نہیں، جبکہ متعلقہ اداروں کو مسلسل اور بلا تعطل سپلائی یقینی بنانے کی ہدایت جاری کردی گئی ہے۔
این سی ایم سی کا اجلاس پیٹرولیم مصنوعات کی دستیابی اور سپلائی کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے منعقد ہوا، جس میں وفاقی وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک، آئل کمپنیز ایڈوائزری کونسل (او سی اے سی)، اوگرا، ایف بی آر کے ممبر کسٹمز اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کا موجودہ ذخیرہ طلب پوری کرنے کے لیے کافی ہے اور سپلائی کا نظام معمول کے مطابق جاری ہے۔ تاہم جولائی کے پہلے پندرہ روز کے دوران پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں غیر معمولی اضافے کے باعث سپلائی سے متعلق بعض خدشات سامنے آئے۔
اوگرا نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ قیمتوں میں اضافے کی توقعات کے باعث ذخیرہ اندوزی کا امکان موجود ہے، جس پر این سی ایم سی نے اوگرا کو ذخیرہ اندوزی کے خلاف مؤثر کارروائی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ کونسل نے صوبائی حکومتوں کو بھی ہدایت جاری کی کہ ذخیرہ اندوزی کی روک تھام کے لیے سخت اقدامات کیے جائیں اور عوام کو پیٹرولیم مصنوعات کی بلا تعطل فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔
اجلاس میں او سی اے سی کے نمائندوں کی جانب سے سپلائی سے متعلق تحفظات کا بھی جائزہ لیا گیا، جنہیں فوری اقدامات کے ذریعے دور کر دیا گیا۔ این سی ایم سی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی کو ہر صورت برقرار رکھا جائے گا اور مصنوعی قلت پیدا کرنے کی کسی بھی کوشش کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔