وادی کالام میں افسوسناک واقعہ: گلیشیئر گرنے سے سیاح جاں بحق، کشتی حادثے کی انکوائری رپورٹ پیش

image

وادی کالام میں اندراب جھیل کے قریب گلیشیئر گرنے کے افسوسناک واقعے میں ایک سیاح جاں بحق ہوگیا، جبکہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔

ترجمان اپر سوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی (یو ایس ڈی اے) کے مطابق جاں بحق ہونے والے سیاح کی شناخت عبدالواجد کے نام سے ہوئی ہے، جو بہاولپور کا رہائشی تھا۔ ریسکیو کارروائی کے بعد میت کو کالام اسپتال منتقل کر دیا گیا، جبکہ متعلقہ ادارے واقعے کی وجوہات کا جائزہ لے رہے ہیں۔

ادھر سیف اللہ جھیل سوات میں پیش آنے والے کشتی حادثے کی انکوائری رپورٹ خیبرپختونخوا حکومت کو ارسال کر دی گئی ہے۔ رپورٹ میں پولیس، پی ڈی ایم اے، ریسکیو 1122، ٹورازم اتھارٹی اور دیگر متعلقہ اداروں کو مختلف انتظامی کوتاہیوں کا ذمہ دار قرار دیا گیا ہے۔

حکومتی ذرائع کے مطابق واقعے کے وقت سوات میں دفعہ 144 نافذ تھی، جس کے تحت کشتی رانی اور جھیلوں میں نہانے پر پابندی عائد تھی، تاہم پولیس اور ضلعی انتظامیہ ان پابندیوں پر مؤثر عملدرآمد کرانے میں ناکام رہی۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ تیراکی پر پابندی کی خلاف ورزی پر 103 مقدمات درج کیے گئے، لیکن کشتی رانی کے خلاف کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔ مزید یہ بھی انکشاف ہوا کہ حادثے کے روز ٹورازم پولیس کے 37 اہلکاروں میں سے 17 چھٹی پر تھے، جس سے نگرانی اور حفاظتی انتظامات متاثر ہوئے۔

رپورٹ میں مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے متعلقہ اداروں کی ذمہ داریوں کا تعین کرتے ہوئے مؤثر حفاظتی اقدامات کی سفارش بھی کی گئی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US