آزاد کشمیر انتخابات: نواز شریف 21 اور 24 جولائی کو انتخابی جلسوں سے خطاب کریں گے

image

آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے سلسلے میں پاکستان مسلم لیگ (ن) نے اپنی انتخابی مہم میں تیزی لاتے ہوئے پارٹی صدر میاں نواز شریف کے دورۂ آزاد کشمیر کو حتمی شکل دے دی ہے۔

پارٹی ذرائع کے مطابق میاں نواز شریف 21 جولائی کو مظفرآباد اور 24 جولائی کو میرپور میں بڑے عوامی انتخابی جلسوں سے خطاب کریں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی اس موقع پر ان کے ہمراہ ہوں گی۔

انتخابی مہم کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لیے مسلم لیگ (ن) کی مرکزی قیادت مظفرآباد پہنچ گئی ہے۔ وفد میں سینیٹر رانا ثناء اللہ، انجینئر امیر مقام، سابق ڈپٹی اسپیکر مرتضیٰ جاوید عباسی، رکن صوبائی اسمبلی اسامہ لغاری اور الیکشن رابطہ سیل کے سینئر رکن راجہ نادر امتیاز شامل ہیں۔

مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر نے مرکزی قیادت کا استقبال کیا جس کے بعد انتخابی جلسوں، عوامی رابطہ مہم اور دیگر انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اس موقع پر ہونے والے مشاورتی اجلاس میں آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم راجہ فاروق حیدر، سیکرٹری اطلاعات بیرسٹر افتخار گیلانی اور دیگر پارٹی رہنما بھی شریک ہوئے، جنہوں نے انتخابی حکمت عملی اور مہم سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US