ساؤتھ ایئر نے کراچی سے بہاولپور کے راستے اسلام آباد کے لیے اپنی باقاعدہ فضائی سروس کا آغاز کر دیا۔ پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) کے مطابق ساؤتھ ایئر کی افتتاحی پرواز اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچی، جہاں اس موقع پر خصوصی تقریب اور کیک کاٹنے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
پی اے اے کے مطابق افتتاحی تقریب میں ساؤتھ ایئر کے چیئرمین، چیف ایگزیکٹو آفیسر اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ تقریب کے دوران اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مسافروں کے چیک اِن کا عمل معمول کے مطابق بلا تعطل جاری رہا۔
ترجمان پی اے اے کے مطابق افتتاحی پرواز 37 مسافروں کو لے کر اسلام آباد پہنچی، جبکہ واپسی کی پرواز 56 مسافروں کے ساتھ اپنی منزل کے لیے روانہ ہوئی۔
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کا کہنا ہے کہ کراچی، بہاولپور اور اسلام آباد کے درمیان ساؤتھ ایئر کی باقاعدہ پروازوں کے آغاز سے علاقائی فضائی رابطوں کو فروغ ملے گا، مسافروں کو بہتر سفری سہولیات میسر آئیں گی اور ملک کے مختلف شہروں کے درمیان آمدورفت مزید آسان ہوگی۔