لاہور: پرائس کنٹرول کمیٹیاں غائب، سبزیوں، پھلوں کی قیمتیں بے قابو

image

لاہور میں سرکاری ریٹ لسٹ پر عملدرآمد نہ ہونے کے باعث سبزیوں اور پھلوں کی قیمتیں بے قابو ہوگئی ہیں، جبکہ شہری مہنگائی کے اضافی بوجھ تلے دب گئے ہیں۔

مختلف علاقوں میں دکاندار سرکاری نرخوں کو نظر انداز کرتے ہوئے من مانے دام وصول کر رہے ہیں، تاہم متعلقہ انتظامیہ مؤثر کارروائی کرنے میں ناکام دکھائی دے رہی ہے۔

مارکیٹ سروے کے مطابق پیاز سرکاری نرخ 100 روپے کے بجائے 200 روپے، ایرانی ٹماٹر 180 کے بجائے 300 روپے، دیسی لہسن 140 کے بجائے 310 روپے اور ادرک 330 کے بجائے 450 روپے فی کلو فروخت کی جا رہی ہے۔ اسی طرح شوگر فری آلو 35 کے بجائے 80 روپے، شملہ مرچ 300 کے بجائے 350 روپے، مٹر 280 کے بجائے 500 روپے اور بھنڈی 120 کے بجائے 200 روپے فی کلو میں فروخت ہورہی ہے۔

دیگر سبزیوں میں بینگن سرکاری نرخ 70 روپے کے مقابلے میں 80 سے 160 روپے، دیسی ٹینڈے 120 کے بجائے 160 روپے اور لیموں 130 کے بجائے 220 روپے فی کلو فروخت کیے جا رہے ہیں۔ دوسری جانب مرغی کے گوشت کی قیمت بھی بدستور عوام کی پہنچ سے باہر ہے۔

پھلوں کی قیمتوں میں بھی نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ چیکو 200 کے بجائے 280 روپے، سفید خوبانی 320 کے بجائے 380 روپے، کیلا 215 کے بجائے 250 روپے فی درجن، انور رٹول آم 315 کے بجائے 400 سے 410 روپے، چونسہ آم 300 کے بجائے 350 روپے، دوسہری آم 270 کے بجائے 300 روپے، ناشپاتی 230 کے بجائے 400 روپے اور دیسی جامن 190 کے بجائے 250 روپے فی کلو فروخت ہورہے ہیں۔

دوسری جانب شہر میں مرغی کے گوشت، انڈوں اور دیگر گوشت کی قیمتیں سرکاری نرخوں سے تجاوز کر گئیں، جس کے باعث شہریوں کو سستا پروٹین بھی مہنگے داموں خریدنا پڑ رہا ہے۔

مارکیٹ سروے کے مطابق سرکاری ریٹ لسٹ میں مرغی کے گوشت کی قیمت 497 روپے فی کلو مقرر ہے، تاہم پرچون بازاروں میں یہ 520 سے 530 روپے فی کلو فروخت کیا جا رہا ہے۔

اسی طرح چھوٹا گوشت سرکاری نرخ 1600 روپے فی کلو کے مقابلے میں 2400 سے 2800 روپے فی کلو جبکہ بڑا گوشت 800 روپے کے بجائے 1000 سے 1200 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہا ہے۔

فارمی انڈوں کی قیمتوں میں بھی سرکاری نرخوں کی خلاف ورزی دیکھی گئی۔ سرکاری ریٹ 243 روپے فی درجن ہونے کے باوجود مختلف مارکیٹوں میں انڈے 250 سے 255 روپے فی درجن فروخت کیے جا رہے ہیں۔

شہریوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری نرخوں پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور ناجائز منافع خوری میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ عوام کو مہنگائی سے ریلیف مل سکے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US