این سی سی آئی اے کا واٹس ایپ اور بینک اکاؤنٹس ہیکنگ سے نمٹنے کے لیے ایکشن پلان تیار

image

ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) خرم علی نے ملک میں واٹس ایپ اور بینک اکاؤنٹس ہیکنگ کے بڑھتے ہوئے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بتایا ہے کہ اس خطرے سے نمٹنے کے لیے ایک جامع ایکشن پلان تیار کرلیا گیا ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے خرم علی کا کہنا تھا کہ شہریوں کی فوری مدد کے لیے ایک ہیلپ لائن قائم کی جا رہی ہے جو ہیک شدہ اکاؤنٹس کی بحالی میں رہنمائی فراہم کرے گی۔ اس کے علاوہ سوشل میڈیا کمپنی 'میٹا' کے اشتراک سے مقامی زبانوں میں ایک ملک گیر آگاہی مہم بھی شروع کی جائے گی۔

انہوں نے واضح کیا کہ انٹرنیٹ اور موبائل فون کے بڑھتے ہوئے استعمال کے باعث آن لائن فراڈ اور سائبر جرائم میں مجموعی طور پر اضافہ ہوا ہے۔ اگرچہ صارفین کی جانب سے 'ٹو اسٹیپ ویری فکیشن' فعال کرنے سے واٹس ایپ ہیکنگ میں کچھ کمی ضرور آئی تھی، لیکن اب سائبر مجرموں نے نئے طریقے اپنا لیے ہیں۔ بین الاقوامی اداروں کے تعاون سے پاکستان میں سرگرم کئی سائبر کرائم گینگز کو گرفتار بھی کیا جا چکا ہے۔

ڈی جی این سی سی آئی اے نے عوام کو سخت تاکید کی ہے کہ وہ اپنے موبائل پر موصول ہونے والا ون ٹائم پاس ورڈ (OTP) یا کوئی بھی خفیہ کوڈ کسی دوسرے شخص کے ساتھ ہرگز شیئر نہ کریں، کیونکہ او ٹی پی شیئر کرنا ہی واٹس ایپ ہیک ہونے کی سب سے بڑی وجہ بن رہا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ایجنسی ٹیکنالوجی کے ذریعے او ٹی پی کے غلط استعمال کو روکنے کے لیے کام کر رہی ہے، تاہم شہریوں کو خود بھی اپنے بینک اکاؤنٹس اور واٹس ایپ کی سیکیورٹی کے لیے حفاظتی تدابیر اختیار کرنی چاہئیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US