بالاکوٹ میں موسلا دھار بارش، برساتی نالوں میں طغیانی، لینڈ سلائیڈنگ، سیاح بحفاظت ریسکیو

image

بالاکوٹ اور اس کے بالائی علاقوں میں ہونے والی موسلا دھار مون سون بارش کے باعث برساتی نالوں میں شدید طغیانی آ گئی، جبکہ مختلف مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ سے سڑکیں متاثر ہونے کے باعث ٹریفک کی روانی بھی متاثر رہی۔

اطلاعات کے مطابق تحصیل بالاکوٹ کے علاقوں ڈمگلہ، شوال اور بولی کے برساتی نالوں میں اچانک پانی کے بہاؤ میں خطرناک حد تک اضافہ ہوا، جس کے نتیجے میں کئی مقامات پر آمدورفت میں مشکلات پیش آئیں۔

شدید بارش اور نالوں میں طغیانی کے باعث متعدد سیاحوں کی گاڑیاں برساتی نالوں کے قریب پھنس گئیں، جس پر ریسکیو 1122 نے فوری امدادی کارروائی شروع کی۔ ریسکیو اہلکاروں نے بروقت آپریشن کرتے ہوئے تمام پھنسے ہوئے سیاحوں اور شہریوں کو بحفاظت محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا، جبکہ کئی گاڑیوں کو بھی کامیابی سے نکال لیا گیا۔

ریسکیو حکام نے شہریوں اور سیاحوں کو مشورہ دیا ہے کہ بارشوں کے دوران برساتی نالوں، دریاؤں اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے والے علاقوں کا رخ کرنے سے گریز کریں اور غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں تاکہ کسی بھی ممکنہ حادثے سے بچا جاسکے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US