نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) اسلام آباد نے نورین نیازی کو سوشل میڈیا پر مبینہ طور پر جھوٹا اور اشتعال انگیز مواد پھیلانے کے الزام میں طلبی کا نوٹس جاری کر دیا ہے۔
نوٹس کے مطابق نورین نیازی کو ضابطۂ فوجداری (Cr.P.C) کی دفعہ 160 کے تحت 20 جولائی 2026 کو دوپہر 12 بجے سیکٹر جی-13/3، اسلام آباد میں واقع سائبر کرائم آفس میں پیش ہو کر اپنا بیان ریکارڈ کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
این سی سی آئی اے کا کہنا ہے کہ نورین نیازی کے خلاف ریاستی اداروں سے متعلق مبینہ طور پر جھوٹا اور اشتعال انگیز مواد سوشل میڈیا پر پھیلانے کے الزامات کے تناظر میں تحقیقات جاری ہیں، جن کے سلسلے میں انہیں طلب کیا گیا ہے۔
نوٹس میں خبردار کیا گیا ہے کہ مقررہ تاریخ اور وقت پر پیش نہ ہونے کی صورت میں پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 174 کے تحت قانونی کارروائی عمل میں لائی جاسکتی ہے۔