آزاد کشمیر کا انتخاب کشمیر کاز اور قومی یکجہتی کا امتحان ہے، خواجہ آصف

image

وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے موجودہ انتخابات غیر معمولی اہمیت کے حامل ہیں اور یہ صرف سیاسی مقابلہ نہیں بلکہ کشمیر کاز، کشمیری عوام سے وابستگی اور قومی یکجہتی کا امتحان ہیں۔

ایل اے 36 جموں 3 میں انتخابی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ انہوں نے آزاد کشمیر کے متعدد انتخابات دیکھے ہیں، تاہم موجودہ حالات میں ہونے والے انتخابات کی نوعیت ماضی سے مختلف ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیری مہاجرین کی قربانیاں بے مثال ہیں اور انہی جانوں کے نذرانوں کی بدولت آزادی کی جدوجہد کو تقویت ملی۔

وزیر دفاع نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں پاکستان سے محبت کا اظہار کرنے والے متعدد نوجوان لاپتا کیے گئے اور اپنے گھروں کو واپس نہ آ سکے۔ انہوں نے کہا کہ ان قربانیوں کا کوئی متبادل نہیں اور انہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ ان کے بقول قائداعظم محمد علی جناح نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا تھا اور آج بھی پاکستان اور کشمیر کے تاریخی رشتے کو چیلنج کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔

خواجہ آصف نے اپنی تقریر میں پاک فوج کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ چند برسوں کے دوران دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہزاروں جانوں کی قربانیاں دی گئیں۔ انہوں نے شہداء اور غازیوں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ وطن کے دفاع کے لیے دی جانے والی ان قربانیوں کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ خطے میں جاری ایران اور امریکا سے متعلق کشیدگی کے دوران بھی پاکستان کا کردار عالمی سطح پر نمایاں رہا، جو ملک کی سفارتی اہمیت کا مظہر ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US