مردان کے علاقے رستم کالو ڈھیری میں کمرے کی چھت اچانک گرنے سے پیش آنے والے افسوسناک حادثے میں دو کمسن بچے جاں بحق جبکہ ان کی والدہ اور 14 سالہ بہن شدید زخمی ہو گئیں۔
ریسکیو 1122 کے مطابق اطلاع ملتے ہی میڈیکل اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں، جنہوں نے امدادی کارروائی کرتے ہوئے زخمیوں کو ملبے سے نکالا اور ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد مزید علاج کے لیے مردان میڈیکل کمپلیکس اسپتال منتقل کر دیا۔
حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں 2 سالہ محمد حسین اور ایک سالہ زنیرہ شامل ہیں جبکہ زخمیوں میں بچوں کی والدہ اور ان کی 14 سالہ بہن شامل ہیں، جن کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
واقعے کے بعد علاقے میں غم و افسوس کی فضا چھا گئی، جبکہ اہلِ علاقہ نے متاثرہ خاندان سے اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے واقعے کی وجوہات کا تعین کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔