پنجاب حکومت کی الیکٹرک بائیک اسکیم 2026 کا آغاز

image

پنجاب مریم نواز نے طلبہ و طالبات کے لیے الیکٹرک بائیک اسکیم 2026 متعارف کرا دی جس کے تحت صوبے بھر میں ایک لاکھ طلبہ و طالبات کو الیکٹرک بائیکس فراہم کی جائیں گی۔ اس منصوبے کا مقصد نوجوانوں کو تعلیمی اداروں تک آسان، کم خرچ اور ماحول دوست سفری سہولت مہیا کرنا ہے۔

حکومت پنجاب کے مطابق اسکیم کے تحت طالبات کو الیکٹرک بائیکس بلا معاوضہ فراہم کی جائیں گی جبکہ طلبہ کو سود سے پاک آسان اقساط پر بائیکس دی جائیں گی تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوان اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔

اسکیم سے استفادہ کرنے کے لیے درخواست دہندہ کی عمر کم از کم 18 سال ہونا ضروری ہے۔ امیدوار کسی ڈگری کالج یا یونیورسٹی میں زیرِ تعلیم ہو اور متعلقہ تعلیمی ادارہ ہائیر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) سے منظور شدہ ہو۔ اس کے علاوہ درخواست گزار کے پاس پنجاب کا مستقل ڈومیسائل، موٹر سائیکل ڈرائیونگ لائسنس یا لرنر پرمٹ موجود ہونا چاہیے، جبکہ وہ کسی رجسٹرڈ موٹر گاڑی کا مالک بھی نہ ہو۔

حکومت نے واضح کیا ہے کہ ایک خاندان سے صرف ایک ہی فرد اس اسکیم کے تحت الیکٹرک بائیک حاصل کرنے کا اہل ہوگا، چاہے خاندان کے ایک سے زائد بہن بھائی اہلیت کے معیار پر پورا اترتے ہوں۔

اسکیم کے لیے درخواستیں صرف پنجاب حکومت کے آن لائن پورٹل کے ذریعے وصول کی جائیں گی۔ امیدوار پہلے رجسٹریشن یا لاگ اِن کریں گے، پھر آن لائن درخواست فارم مکمل کرکے مطلوبہ دستاویزات اپ لوڈ کریں گے۔ درخواستوں کی جانچ پڑتال کے بعد اہل امیدواروں کا انتخاب کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی کے ذریعے کیا جائے گا۔

حکام کے مطابق درخواست کے ساتھ قومی شناختی کارڈ یا ب فارم سمیت دیگر مطلوبہ دستاویزات جمع کرانا لازمی ہوگا، جبکہ اسکیم سے متعلق مزید تفصیلات اور درخواست جمع کرانے کی تاریخ کا اعلان جلد کیا جائے گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US