چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر میں ہونے والے انتخابات شفاف انداز میں منعقد ہوں گے، جبکہ حالیہ واقعات کی تحقیقات کے لیے ٹرتھ کمیشن قائم کیا جانا چاہیے۔
اپنے بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اس وقت آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں انٹرنیٹ سروس کی بندش تشویش کا باعث ہے۔ انہوں نے تجویز دی کہ حالیہ واقعات سے متعلق حقائق سامنے لانے کے لیے ایک ٹرتھ کمیشن تشکیل دیا جائے تاکہ تمام معاملات کی شفاف تحقیقات ممکن ہوسکیں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ آزاد کشمیر میں انتخابات ہونے جا رہے ہیں اور یہ انتخابات اتنے ہی صاف اور شفاف ہوں گے جتنے پاکستان میں منعقد ہوئے۔
انہوں نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے حالیہ بیان پر بھی ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اس بیان سے اچھا تاثر نہیں گیا، تاہم انہیں امید ہے کہ مولانا فضل الرحمان اپنے بیان پر دوبارہ غور کریں گے۔