کینیڈا کی وزیرِ خارجہ انیتا آنند نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی، علاقائی سلامتی اور پاکستان و کینیڈا کے دوطرفہ تعلقات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے عالمی امن اور خطے کے استحکام سے متعلق پاکستان کا مؤقف پیش کرتے ہوئے مشترکہ سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے بین الاقوامی تعاون اور باہمی اشتراک کی اہمیت پر زور دیا۔
کینیڈا کی وزیرِ خارجہ انیتا آنند نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں اور کوششوں کو سراہتے ہوئے امن و استحکام کے فروغ میں پاکستان کے مثبت کردار کی تعریف کی۔
ملاقات میں دونوں ممالک نے دفاعی اور سیکیورٹی شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے، دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے اور مختلف سطحوں پر روابط بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔