وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے کرپٹو کرنسی سے متعلق مالیاتی جرائم کی روک تھام اور تحقیقات کے لیے خصوصی کرپٹو کرنسی انویسٹی گیشن یونٹ قائم کردیا ہے۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق یہ یونٹ ڈی جی ایف آئی اے کی خصوصی ہدایت پر تشکیل دیا گیا ہے، جو کرپٹو کرنسی کے ذریعے منی لانڈرنگ، دہشت گردی کی مالی معاونت، سائبر جرائم اور مختلف نوعیت کے مالیاتی فراڈ کی تحقیقات کرے گا۔
حکام کا کہنا ہے کہ خصوصی یونٹ کرپٹو کرنسی کے ذریعے ہونے والی مشکوک مالی لین دین کی مسلسل نگرانی بھی کرے گا، جبکہ تحقیقات کے لیے جدید ٹیکنالوجی اور بین الاقوامی معیار کے مطابق طریقہ کار اختیار کیا جائے گا۔
ایف آئی اے کے مطابق کرپٹو کرنسی کے غلط استعمال کی روک تھام اور مؤثر قانونی کارروائی کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی اقدامات بھی کیے جائیں گے۔ حکام نے کہا کہ اس یونٹ کا قیام مالیاتی جرائم کے خلاف ادارے کی استعداد کار کو مزید مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔