حوثی باغیوں نے سعودی عرب کے خلاف بحری ناکہ بندی کردی

image

یمن کے حوثی باغیوں نے سعودی عرب کے خلاف فوری طور پر بحری ناکہ بندی نافذ کردی ہے، جس کے بعد خطے میں کشیدگی مزید بڑھنے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔

حوثی ترجمان یحییٰ سریع نے ٹیلی ویژن پر نشر ہونے والے اپنے بیان میں کہا کہ سعودی عرب کے خلاف بحری ناکہ بندی ”آنکھ کے بدلے آنکھ“ کی پالیسی کے تحت نافذ کی جا رہی ہے۔ ان کے مطابق باب المندب کی اہم آبی گزرگاہ سعودی جہاز رانی کے لیے بند کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

دوسری جانب سعودی قیادت میں قائم اتحاد نے حوثیوں کے اعلان کی مذمت کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ تجارتی جہازوں کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

ماہرین کے مطابق باب المندب دنیا کی اہم ترین سمندری گزرگاہوں میں شمار ہوتی ہے، جہاں سے عالمی تجارت اور تیل کی بڑی مقدار گزرتی ہے۔ اگر حوثیوں نے اپنی دھمکی پر عمل کیا تو عالمی توانائی کی منڈی، تیل کی قیمتوں اور بین الاقوامی جہاز رانی پر اس کے گہرے اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔

تاحال یہ واضح نہیں کہ حوثی اس بحری ناکہ بندی کو عملی طور پر کس حد تک نافذ کرسکیں گے، تاہم اس اعلان نے خطے میں سیکیورٹی خدشات اور عالمی تجارتی سرگرمیوں کے حوالے سے نئی تشویش پیدا کردی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US