پنجاب میں آندھی اور بارشوں نے تباہی مچا دی، 8 افراد جاں بحق، 37 زخمی

image

پنجاب بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران آندھی اور موسلادھار بارشوں کے باعث پیش آنے والے مختلف حادثات میں 8 افراد جاں بحق جبکہ 37 زخمی ہوگئے۔

ترجمان ریسکیو پنجاب فاروق احمد کے مطابق زیادہ تر حادثات دیواریں، چھتیں اور شیڈ گرنے کے باعث پیش آئے۔ گوجرانوالہ میں مختلف واقعات کے دوران 3 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 14 افراد زخمی ہوئے۔ پاکپتن میں کچے مکان کی چھت گرنے سے 2 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے۔

انہوں نے بتایا کہ ساہیوال اور ہڑپہ میں چھتیں گرنے کے واقعات میں ایک خاتون جاں بحق جبکہ 3 افراد زخمی ہوئے۔ لاہور کے علاقے بند روڈ، گلشن راوی کے قریب مکان کی چھت گرنے سے 4 افراد زخمی ہوگئے۔

ترجمان کے مطابق گوجرانوالہ کے علاقے کامونکی میں انڈر پاس میں جمع بارش کے پانی میں ڈوب کر ایک بچہ جاں بحق ہوگیا، جبکہ منڈی بہاؤالدین کے مختلف دیہات میں بارش کے باعث چھتیں اور دیواریں گرنے سے 8 افراد زخمی ہوئے۔ بہاولنگر میں خان بابا روڈ، الجنت چوک کے قریب شیڈ گرنے سے ایک شخص زخمی ہوگیا، جبکہ سیالکوٹ میں ٹی آر کی چھت گرنے کے واقعے میں 3 افراد زخمی ہوئے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US