پاکستان نے حوثیوں کی جانب سے سعودی عرب اور بحیرہ احمر میں تجارتی جہاز رانی کو نشانہ بنانے کی دھمکیوں کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے اس کی سخت مذمت کی ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی مکمل حمایت جاری رکھے گا۔ بیان میں کہا گیا کہ سعودی عرب کے خلاف کسی بھی قسم کی دھمکی یا خطے میں تجارتی سرگرمیوں کو متاثر کرنے کی کوشش باعث تشویش ہے۔
ترجمان کے مطابق پاکستانی پرچم بردار تجارتی جہازوں کے خلاف کسی بھی جارحانہ اقدام کو قومی سلامتی کے لیے خطرہ تصور کیا جائے گا، جبکہ پاکستان اپنے سمندری مفادات کے خلاف کسی بھی کارروائی کو برداشت نہیں کرے گا۔
دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ پاکستان خطے میں کشیدگی کم کرنے، مذاکرات اور سفارت کاری کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔ ترجمان نے تمام فریقوں پر زور دیا کہ وہ بین الاقوامی قوانین کا احترام کریں اور عالمی سمندری تجارت و جہاز رانی کے تحفظ اور سلامتی کو یقینی بنائیں۔